فیصل آباد: ہسپتال میں چھیڑخانی پر آفس بوائے کی نرس کے ہاتھوں ٹھکائی
فیصل آباد، لاہور (نمائندہ خصوصی+ خبرنگار) ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نرس نے آفس بوائے کی ٹھکائی کر دی۔ اس دوران نجی ٹی وی کے دو کیمرہ مینوں کو فوٹیج بنانے کے دوران مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ٹی وی کیمرہ مینوں کی طرف سے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی گئی۔ ہسپتال کی نرس سے آفس بوائے لڑکے نے مبینہ طور پر چھیڑخانی کی اور غلط جملوں کا استعمال کیا جس پر نرس نے اس پر جوتوں اور تھپڑوں کی بارش کی اور ٹھکائی کرتے ہوئے اسے اپنے کمرے سے باہر نکال دیا۔ اس دوران فوٹیج بنانے کے لئے نجی ٹی ویز کے کیمرہ مین کو فوٹیج بنانے سے روکا گیا اور انہیں ہسپتال کے چوکیداروں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس پر کیمرہ مینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے نرس سے مبینہ چھیڑخانی اور میڈیا کارکنوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ مبینہ چھیڑخانی کے ملزم اور میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کے ذمہ داروں کیخلاف قانون کی مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
آفس بوائے / ٹھکائی