نواز شریف اور مریم نواز کی بلیو ایریا میں تہذیب بیکری سے خریداری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے بلیو ایریا میں تہذیب بیکری سے کیک‘ پیسٹریاں اور دیگر اشیاء کی خریداری کی۔ تہذیب کے چیف ایگزیکٹو خلیل نون نے ان کا استقبال کیا۔ میاں نواز شریف نے اشیاء کی خریداری اپنی جیب سے کی تاہم خلیل نون نے انہیں اپنی جانب سے تحفہ پیش کیا۔ جوں ہی میاں نواز شریف اور مریم نواز بیکری میں داخل ہوئے بیکری میں خریداری کے لئے آنے والوں نے ان کے ساتھ سلفیاں بنوائیں۔ نواز شریف لوگوں میں گھل مل گئے۔ لوگوں نے میاں نواز شریف کو اپنے درمیان دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا اور وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگائے۔ نواز شریف نے خلیل نون سے بات چیت کرتے ہوئے بیکری کی پروڈکشن کی تعریف کی۔ میاں نواز شریف 1999 ء میں اٹک قلعہ میں ’’تہذیب‘‘ سے سامان منگواتے تھے۔ وہ وزیراعظم ہاؤس میں ان کی پراڈکس منگواتے رہے ہیں۔ میاں نواز شریف نے بلیو ایریا میں بھی شاپنگ کی۔