نواز شریف خراب موسم کے باعث لاہور نہ جاسکے، مری پہنچ گئے
اسلام آباد /مری (وقائع نگار خصوصی/نامہ نگار) نواز شریف گزشتہ روز موسم کی خرابی کے باعث اپنے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے لاہور جانے کے بجائے مری چلے گئے۔ موسم کی خرابی کے باعث سابق وزیراعظم کا خصوصی طیارہ لاہور سے اسلام آباد نہ پہنچ سکا جس کے باعث نواز شریف نے مری جانے کا فیصلہ کیا۔ محمد نواز شریف مری کی جانب آتے ہوئے چند لمحوں کیلئے ایکسپریس وے سے ملحقہ ڈنہ میں بھی رکے۔ بارش کے باوجود بھی ان کی آمد پر اس مصروف سڑک پر سفر کرنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں نے پرتپاک انداز میں ہاتھ ہلا کر ان کا استقبال کیا جبکہ انہوں نے بھی انتہائی خوشگوار موڈ میں انہیں ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔