متحدہ مجلس عمل کی قیادت کے انتخاب کیلئے اجلاس 12 مارچ کو طلب کر لیا گیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کی قیادت کے انتخاب کیلئے سربراہ اجلاس 12مارچ کو طلب کرلیا گیا، متحدہ مجلس عمل کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن سے متعلق امور کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمان ،جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق ،جمعیت علماء پاکستان (نورانی)کے رہنما صاحبزاہ انس نورانی، پیر اعجاز ہاشمی ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میراسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی شریک ہوں گے ۔ گزشتہ روز اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں استفسار پر مولانافضل الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ متحدہ مجلس عمل کی رجسٹریشن کے معاملات کی وجہ سے سربراہی اجلاس میں تاخیر ہوئی توقع ہے کہ 12مارچ تک یہ معاملات حل ہوجائیں گے ۔