شام میں مظالم کیخلاف مذہبی جماعتوں اور طلبہ تنظیموں کے احتجاجی مظاہرے
لاہور(لیڈی رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) شام میں مسلمانوں پر جاری مظالم کے خلاف مختلف دینی اور مذہبی جماعتوں اور طلبہ تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ طلبہ نے کفن پہن کر شامی مسلمان بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیاجبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر شامی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے ۔ ناظم جبران بن سلمان نے کہاکہ جامعہ کے طلبہ مظلوم شامی مسلمانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ پیر سید مظہر سعید کاظمی کی اپیل پر ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کے اجتماعات میں مظلوم شامی مسلمانوں پر ظلم و ستم بند کرنے کے مطالبے پر مشتمل قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہل سنت نے جلتے شام کی سنگین صورت حال کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا۔ نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر شام میں جاری قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس موقع پر جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی نائب امیر صاحبزادہ سید طاہر سعید کاظمی نے چوک گھنٹہ گھر ملتان میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں قیام امن کے لئے مسلم حکمران مشترکہ کوششیں کریں۔ شامی مسلمان امریکہ، روس، ایران اور سعودی عرب کی پراکسی وار کا ایندھن بن رہے ہیں۔جماعت اہل سنت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی نے بند روڈ لاہور پر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عالمی گریٹ گیم کے تحت مشرق وسطی کے مسلم ممالک میں انتشار اور فساد پھیلا رہا ہے۔ جماعت اہل سنت سندھ کے صدر علامہ محمد اکرم سعیدی نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ شام میں جنگ بندی کی قرارداد پر عمل یقینی بنائے۔ اسکے علاوہ خیبر پی کے ‘ میرپور‘ اسلام آباد‘ ملتان‘ منڈی بہاﺅ الدین‘ میاںچنوں‘ فیصل آباد‘ میانوالی‘ گوجرانوالہ‘ نارووال میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ کے ز یر اہتمام لاہورپریس کلب کے باہرپرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے محاذ کے صدرپیر رضائے مصطفی نقشبندی نے کہاکہ شامی عوام پر بمباری رکوانے کےلئے اوآئی سی کرداراداکرے ۔ سلامتی کونسل کی شام کے بارے میں جنگ بندی کی منظور شدہ قرار داد پر فی الفور عمل کرایا جائے۔متحدہ عرب امارات میںحکومتی سرپرستی میںمندروں کی تعمیراورسندھ اسمبلی میں ہولی کامنانا قابل مذمت اورخلاف شریعت ہے۔ مظاہرین نے احتجاجی کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر شام میں انسانی حقوق کی پامالی کی روک تھام کے مطالبات درج تھے۔ تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی دعوت پر آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بشار الاسد اور روس کی طرف سے کیے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف”یومِ شام“منایا گیا۔
شام/مظاہرے