پنجاب اسمبلی: نیب کیخلاف قرارداد کی منظوری‘ اپوزیشن کا پھر احتجاج‘ سپیکر پر جانبداری کا الزام
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے سپیکر پر جانبداری کا الزام عائد کردیا۔ نیب کیخلاف قرارداد منظور کرنے پر اپوزیشن کا ایوان میں ہنگامہ، ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا، نبیلہ حاکم نے کہا سپیکر اختیارات کا ناجائز استعمال کررہے ہیں اور حکومتی وزراء کی ڈائریکشن پر ہائوس چلا رہے ہیں۔ اجلاس سپیکر 42منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ ایجنڈا پر محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور انسانی حقوق و اقلیتی امور کے متعلق سوالوں کے جواب صوبائی وزیر ندیم کامران، ڈاکٹر فرخ جاوید اور طاہر خلیل سندھو نے دیئے۔ تحریک انصاف کی رکن نبیلہ حاکم علی نے کہا حکومت عددی اکثریت کا غلط استعمال کررہی ہے۔ نیب کیخلاف قرارداد منظور کی گئی ہے اور قواعد و ضوابط سے ہٹ کر ہے ہم اس قرارداد کو نہیں مانتے۔ سپیکر اسمبلی کا جھکائو بھی حکومت کی طرف ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ سپیکر جانبدار ہو چکے ہیں۔ اگر سپیکر کا یہی رویہ رہا تو ہم ہائوس نہیں چلنے دینگے۔ سپیکر رانا اقبال نے کہا میرے پاس اختیار ہے میں جو چاہے کر سکتا ہوں مجھے آپ لوگوں سے ہدایات لینے کی ضرورت نہیں، جو اسمبلی میں اکثریتی ممبران فیصلہ کرینگے میں وہ کروں گا۔ میں سب کیلئے برابر ہوں۔ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے کہا نیب کیخلاف قرارداد اس لئے منظور کی کیونکہ نیب نے شہباز شریف کے فرنٹ مین پر ہاتھ ڈالا ہے اور اب مزید لوگوں کو بھی پکڑوا رہا ہے۔ کسی ادارے کیخلاف سیاسی بنیادوں پر اسمبلی کا استعمال انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم یہ چور بازاری مزید نہیں چلنے دینگے۔ صوبائی وزیر طاہر خلیل سندھو نے کہا ہم نے کسی ادارے کیخلاف قرارداد منظور نہیں کی صرف وفاقی حکومت سے نیب آڈیننس میں ترمیم کرنے کی درخواست کی ہے۔ لیگی رکن رانا ارشد نے کہا عمران خان اداروں کی تضحیک کریں تو وہ درست ہے۔ طالبان کے ساتھ دوستیاں رکھیں وہ درست ہے اگر ہم عوامی فلاح کے کام کریں وہ غلط ہے۔ پاکستان میں جو بھی غلط کام ہو اس کی ذمہ داری ہم پر نہ ڈالیں۔ وقفہ سوالات کے دوران پی ٹی آئی کی رکن شنیلہ روت نے ضمنی سوال میں کہا حکومت ہائیکورٹ کے احکامات کو نظر انداز کررہی ہے اپوزیشن ممبران کو ترقیاتی فنڈز اور کرسمس فنڈز نہیں دیے جا رہے۔ جبکہ اپنے لوگوں کو پچاس پچاس کروڑ کے فنڈز دے جا رہے ہیں، جواب میں صوبائی وزیر طاہر خلیل سندھو نے کہا پنجاب حکومت ہر سال کرسمس پیکج جاری کررہی ہے اور ہر مستحق شہری کو اس فنڈ سے رقم دی جا رہی ہے۔ جبکہ اپوزیشن کے تمام ممبران کو ترقیاتی اور کرسمس فنڈز مسلسل دیئے جارہے ہیں۔