سندھ ہائیکورٹ: کرپشن کیس میں شرجیل میمن سمیت تمام ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد
کراچی (آئی این پی) سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات کرپشن کیس میں سابق وزیر شرجیل میمن سمیت تمام ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ شرجیل میمن اور دیگر نے گرفتاری کے بعد ضمانت کی درخواستیں دائر کیں، ملزمان چاہیں تو سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ اطلاعات میں پانچ ارب روپے سے زائد کرپشن کیس میں گرفتار سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن و دیگر کی درخواست ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ شرجیل میمن اور دیگر نے گرفتاری کے بعد ضمانت کی درخواستیں دائر کیں، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان چاہے تو سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ درخواست ضمانت مسترد ہونے والوں میں سابق سیکرٹری ذوالفقار شہلوانی، منصور راجپوت اور سارنگ چانڈیو سمیت نجی کمپنی کے ملازم گلزار علی اور عمر آفریدی بھی شامل ہیں۔