وزیراعظم شاہد خاقان اور ایاز صادق کی چودھری نثار کو منانے کی کوشش
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزراء نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چودھری نثار علی خان سے پنجاب ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔ پورا دن چودھری نثار علی خان کو منانے میں گزر گیا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سردار ایاز صادق‘ خواجہ سعد رفیق نے سپیکر چیمبر میں چودھری نثار علی خان سے بات چیت کی۔ بعدازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ سردار ایاز صادق‘ خواجہ سعد رفیق‘ رانا تنویر نے پنجاب ہاؤس میں چودھری نثار علی خان سے مذاکرات کئے۔ چودھری نثار علی خان کو ’’سیز فائر‘‘ پر آمادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تاہم چودھری نثار علی خان نے موجودہ صورتحال میں پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عزت کے لئے کر رہے ہیں لیکن وہ بے توقیری کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کیا قصہ ہے کہ مجھے ٹارگٹ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان آنے والے دنوں میں کوئی جواب نہیں دیں گے تاہم اگر ان پر کوئی حملہ کیا گیا تو وہ جواب دیں گے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان اس وقت تک پارٹی کے پلیٹ فارم پر سرگرم نہیں ہوں گے جب تک میاں نواز شریف اور چودھری نثار علی خان کے درمیان ’’صلح‘‘ نہیں ہو جاتی۔ وزیراعظم‘ سپیکر اور وزراء آئندہ چند دنوں میں نواز شریف اور چودھری نثار علی خان کے درمیان ملاقات کرانے کی کوشش کریں گے۔