لاہورہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کو سینٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کو سینٹ کے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے اسحاق ڈارکے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست مستردکردی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے عدالتی اشتہاری اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کسی قانونی جواز کے بغیر منظور کئے۔ اسحاق ڈار نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے جو آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ کاغذات نامزدگی میں آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کا اطلاق نہ کئے جانے پر اسحاق ڈارکے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ باری النظر میں درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے۔ الیکشن کے بعد درخواست گزار اسحاق ڈار کے خلاف الیکشن پیٹیشن دائر کر سکتا ہے۔ عدالت نے درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔