حیدر آباد: بھارتی فنڈنگ سے سی پیک کیخلاف کام کرنیوالا گروہ گرفتار: بلوچستان میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام
حیدرآباد/اسلام آباد(آن لائن/سٹاف رپورٹر ) صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور اہلکاروں نے ان کے قبضے سے 3 بم، بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ذرائع کے مطابق حیدرآباد میں ہٹڑی بائی پاس کے قریب خفیہ اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی اور ایک گھر پر چھاپہ مار کر 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد بھی برآمد کرکے بم ڈسپوزل سکواڈ (بی ڈی ایس) کو طلب کیا گیا۔بی ڈی ایس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 تیار بموں کو ناکارہ بنا دیا، جن میں نٹ بولٹ اور بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو جمعہ کو حیدرآباد میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران حیدرآباد اور جامشورو میں ملنے والے بموں کے پیچھے گرفتار مبینہ دہشت گردوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے جن سے مزید تفتیش کرنے کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔دریں اثنا سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سرعت سے کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان میں دہشت گردی کی ممکنہ بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا اور چھ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا،گرفتار دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقہ کربلا اور پشین میں آئی بی او کے دوران 6مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے 500کلو گرام دھماکہ خیز مواد، خود کش جیکٹس ، تیار آئی ای ڈیز ،سب مشین گنز ، بارودی سرنگیں اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے ہیں ۔