فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی نثار جٹ تحریک انصاف میں شامل
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری نثار احمد جٹ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے دوران باضابطہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ چوہدری نثا راحمد جٹ نے گزشتہ دنوں پیرحمیدالدین سیالوی کی صدارت میں اقبال پارک دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں ختم نبوت کانفرنس کے دوران اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ان میں وہ بھی شامل تھے چنانچہ بعدازاں انہوں نے پیرحمیدالدین سیالوی کی وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کے بعد استعفے واپس لے لئے تھے۔ واضح رہے کہ چوہدری نثار احمد جٹ کے بارے میں گزشتہ کئی ماہ سے کہا جا رہا تھا کہ وہ مسلم لیگ(ن) کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں جا رہے ہیں لیکن وہ اس کی مسلسل تردید کرتے رہے چوہدری نثار احمد جٹ پیپلزپارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری الیاس جٹ مرحوم کے بھانجے اور داماد ہیں ۔مسلم لیگ(ن) کے حلقوں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کیونکہ حالیہ مردم شماری کے مطابق چوہدری نثار احمد جٹ کا حلقہ انتخاب این اے 81 عملاً دوسرے حلقوں میں شامل ہونے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے جبکہ اس کے ساتھ کے حلقہ میں میاں محمد فاروق مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے ہیں اور وہ میاں محمد نوازشریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں کیونکہ مسلم لیگ ہر حال میں انہیں یا ان کی خواہش پر ان کے حلقے میں ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کر چکی ہے اس لئے چوہدری نثار احمد جٹ نے اس امید سے کہ انہیں تحریک انصاف آئندہ ان کے سابق ٹوٹنے والے حلقے کے قریبی حلقہ سے ٹکٹ دے گی اس لئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔
نثار جٹ