اہلسنت جماعتوں کا اتحاد ہی بحرانوں کا خاتمہ کرسکتاہے ،صاحبزادہ عمران نقشبندی
کراچی( نیوز رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان نیازی کے مرکزی چیف آرگنائزر صاحبزادہ احمدعمران نقشبندی نے کہاہے کہ ہم جلد اہلسنت کا اتحادقائم کرکے اسے ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بنائیں گے ، جب تمام اہلسنت جماعتوں کا منشور ایک ہے توپھر اس پر الیکشن بھی ایک ہی نشان پر لڑینگے ،اس سلسلے میں ہم اہلسنت کی تمام تنظیموں اور جماعتوں کے پاس جارہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر تحریک لبیک پاکستان سمیت دیگر اہلسنت کے قائدین واکابرین سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ،ان خیالات کااظہار انہوںنے جے یو پی نیازی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں رہنمائوں سے ملاقات میں کیا،ان کا کہنا تھا کہ جلد اہلسنت کا اتحاد قائم کرکے انہیں ایک پلیٹ فارم پر لاکر کھڑا کردینگے، پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کی کوششوں کے ساتھ عوام کو ان جابر حکمرانوں سے نجات دلانا بھی ہمارے مشن کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ احتساب ہر اس شخص کا ہونا چاہیے۔ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کے ساتھ فراڈ اور جعلسازی کرنے والوں کی پارلیمنٹ میں کوئی گنجائش نہیںہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہم ملک کے وسیع تر مفادات اور مسائل کے حل کے لیے اہلسنت کا اتحاد قائم کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں جس کی خوشخبری عوام بہت جلد سنیں گے ۔