نارمل بچوں کی طرح خصوصی بچوں کی قابلیت اور محنت کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی حکومت کی ذمہ داری ہے. شہباز شریف
لاہور کے الحمرا کلچرل اسٹیڈیم میں صوبے کے چھ تعلیمی بورڈز میں نمایاں پوزیشن لینے والے اکتیس سپیشل بچوں میں نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوزیشن ہولڈرز بچوں نے اپنی محنت اور ہمت سے معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے،اس سلسلے میں متعلقہ صوبائی محکمے اور غیر سرکاری تنظیمیں بھی مبارکباد کی مستحق ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے اس اہم شعبے کو نظرانداز کیا مگر اب تعلیم کے اس شعبے کیلئے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکومت سپیشل بچوں اور ان کے اساتذہ کے مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے وزیراعلی نے کہا کہ پانچ برسوں میں توانائی کا بحران حل نہ کرنا وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے اور قوم غفلت برتنے والوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جلد ان اندھیروں کا خاتمہ کرکے روشنی کا سفر شروع کیا جائے گا۔ اس سے پہلے وزیراعلی نے تعلیمی اعتبار سے میڑک اور ایف۔اے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں بالترتیب تین، دو اور ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ انعامات حاصل کرنے والے طلبا و طالبات نے پنجاب حکومت کی جانب سے شعبہ تعلیم میں کی جانے والی اصلاحات کو سراہا۔