”ملت کی رہنمائی کےلئے قرآن وسنت کے ماہرین اور حالات حاضرہ سے باخبر علما کی ضرورت ہے “
لاہور (خصوصی نامہ نگار) بانی ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ملّت کی رہنمائی کے لیے قرآن و سنت کے ماہرین اور حالات حاضرہ سے باخبر علماءاز حد ضروری ہیں، اس کمی و سستی کا خمیازہ تا دیر بھگتنا پڑ سکتا ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ جلالیہ رضویہ مظہرالاسلام داروغہ والا لاہور میں ششماہی امتحانات کے نتائج کے اعلان اور تقسیم انعامات کی تقریب میں کیا۔ تقریب میں جامعہ جلالیہ کے کنٹرولر امتحانات مولانا ارشاد احمد جلالی، ڈپٹی کنٹرولر مولانا فیاض احمد قادری اور جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اشرف جلالی نے کہا کہ دینی علوم نبوت کی وراثت ہیں جس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہے دینی مدارس کے طلباءکو احساس کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہئے بلکہ بلند حوصلگی سے طلب علم کے لئے جگر پگھلانا چاہئے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا ادراک کر کے ان کا جواب دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم کا حصول محض رضائے الہی اور غلبہ اسلام کی خاطر کیا جائے دینی تعلیم کو دنیاوی اغراض و مقاصد مالی اور مادی مفادکیلئے حاصل کرنا جائز نہیں ہے۔