کراچی سٹاک ایکسچینج میں تیزی‘ سرمایہ کاری میں 11 ارب روپے اضافہ

03 مارچ 2010
کراچی + لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں تیزی ۔ انڈیکس 47.82پوائنٹس کے اضافے پر دوبارہ 9546.39 پرآگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 11ارب 32 کروڑ روپے سے زائد اضافہ ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے مندے پر حصص کی قیمتیں نچلی سطح پر پرکشش ہونے‘ آئندہ دنوں کمپنیوں کے مالیاتی نتائج میں بہتری کی توقع اور حصص کی قیمتیں نچلی سطح پر پہنچنے کے باعث سرمایہ کاروں نے بینکنگ‘ ٹیلی کام کمیونیکیشن سیکٹرز سمیت بیشتر حصص کی بڑے پیمانے پر کم داموں خریداری کر کے اسے آئندہ دنوں کی تیزی پر حاصل کر لئے جس کے باعث حصص کے کاروبار میں تیزی رہی۔ ورلڈ کال ٹیلی کام اور لاٹ پاکستان کے حصص کاروباری حجم کے لحاظ سے سرفہرست رہے۔ مجموعی سرمایہ کاری مالیت بڑھ کر27 کھرب 37ارب 25کروڑ 92لاکھ 12ہزار 594روپے سے تجاوز کر گئی۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 383 کمپنیوں تک محدود رہا اس میں 161کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ‘ 205 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ لاہور کامرس رپورٹر کے مطابق لاہور سٹاک ایکسچینج میں بھی منگل کو تیزی رہی اور ایل ایس ای 25 انڈکس 24.51 پوائنٹس کے اضافے سے مارکیٹ کے اختتام پر 3013.21 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 107 کمپنیوں کا کاروبار ہوا 36 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 34 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 37 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ مارکیٹ میں کل 8861116 حصص کا کاروبار ہوا سب سے زیادہ اضافہ ایم سی بی بنک کے حصص میں ہوا جس کی قیمت 3.34 روپے بڑھ گئی اور سب سے زیادہ کمی ٹریٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے حصص میں ہوئی جس کی قیمت 16.30 روپے کم ہو گئی۔