وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ون ٹو ون ملاقات

03 مارچ 2010
اسلام آباد (عترت جعفری) بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ایک گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہی۔ پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی بعد میں دونوں نے اکٹھے عشائیہ کیا جس کے دوران گفتگو جاری رہی۔ سرکاری طورپر اس ملاقات کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایاہے کہ اس وقت مختلف حوالوں سے فوج کے سربراہ کو ملازمت میں توسیع دینے کی تجویز کے زیر غور ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔ آرمی چیف نے اپنے منصب کی معیاد پوری کرکے اس سال 29 نومبر کو ریٹائر ہونا ہے۔ اس تناظر میں بعض حلقے گزشتہ شب عشائیہ پر ہونے والی ملاقات کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔ آئین کے تحت افواج کے سربراہوں کا تقرر صدر کرتے ہیں تاہم مسلح افواج کے کسی سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع وزیراعظم کے دائرہ اختیار میں ہے۔
وزیر اعظمآرمی چیف ملاقات