A PHP Error was encountered

Severity: Notice

Message: Undefined index: category_data

Filename: frontend_ver3/Templating_engine.php

Line Number: 35

وفاقی حکومت ناکام ہوگئی‘ غربت اور کرپشن میں اضافہ منہ بولتا ثبوت ہے : شہبازشریف

03 مارچ 2010
بہاولپور + بہاولنگر + خیرپور ٹامیوالی (نامہ نگاران + ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ملک بھر میں غربت ‘ افلاس اور کرپشن میں اضافہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے‘ بدعنوان عناصر کے خاتمہ تک جدوجہد رکھوں گا‘ چولستان کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے‘ دانش سکولوں کے قیام سے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی انقلاب برپا ہو گا۔ نئے بلدیاتی انتخابات 6 ماہ کے بعد ہوں گے‘ محکمہ انٹی کرپشن نے بلدیاتی اداروں میں ماضی میں ہونے والی کرپشن ‘ بدعنوانیوں‘ مالی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز چشتیاں میں 70 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر دانش سکول کی بریفنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو‘ خطاب‘ فورٹ عباس کے نواحی علاقہ چولستان کے ٹوبہ نورسر بلوچاں میں جدید کوآپریٹو لائیو سٹاک فارمنگ کے منصوبے کے افتتاح پر جلسہ سے خطاب‘ خیرپور ٹامیوالی‘ یزمان اور بہاولپور کے مختلف وفود سے بات چیت‘ دورہ بہاولنگر کے موقع پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے چولستان میں جلسہ سے خطاب کے دوران چولستان میں لیز پر دی گئی زمینوں کی توسیع پر عائد سود کی رقم معاف کرنے کا اعلان بھی کیا۔ چشتیاں میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تین شہروں چشتیاں، رحیم یارخان اور حاصل پور میں دانش سکول زیر تعمیر ہیں اگر ان منصوبوں میں خرابیاں اور کرپشن پائی گئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ قبل ازیں تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے خطیر سرمایہ سے تعمیر ہونے والے دانش سکول منصوبوں کی دن رات رپورٹ حاصل کر رہا ہوں اور اس سلسلہ میں اچانک چھاپے بھی ماروں گا۔ وزیر اعلیٰ نے دانش سکول میں ڈبل شفٹ شروع کرنے ہارٹیکلچر کا علیحدہ کمپوننٹ بنانے اور چھٹی کلاس سے تعلیم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے دانش سکول چشتیاں کے گرلز و بوائز پرائمری سیکشن اور تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بہاولنگر میں وائلڈ لائف پارک سے ملحقہ پیرا میڈیک لائیو سٹاک سکول کا سنگ بنیاد رکھا جس پر پانچ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی‘ وزیر اعلیٰ نے ڈی سی او بہاولنگر کو صحافیوں کے مطالبہ پر بہاولنگر اور چشتیاں میں پریس کلبز کی بلڈنگ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ خیرپور ٹامیوالی سے نامہ نگار کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ چولستان میں کوآپریٹو لائیو سٹاک فارمز مکمل کر کے مقامی لوگوں پر مشتمل کمیونٹی کے حوالے کر دئیے جائیں گے اور اس میں کسی قسم کا کوئی مبالغہ نہیں وہ گذشتہ روز چولستان کے علاقہ ٹوبہ نورسر بلوچاں کے مقام پر کوآپریٹو لائیو سٹاک فارمنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تختی کی نقاب کشائی کرنے کے بعد چولستانیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گذشتہ دورہ جام سر چولستان کے موقع پر جو اعلانات کئے تھے آج ان کو عملی شکل دینے کا وقت آ گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں اپنی بات کو دوبارہ دہراتا ہوں کہ چولستان کی سرکاری اراضی پر پہلا حق مقامی چولستانیوں کا ہے اور حکومت پنجاب ان کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے دورہ حاصل پور کے دوران دانش سکول حاصل پور کے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی او بہاولپور ڈاکٹر نعیم روف نے وزیر اعلیٰ کو دانش سکول کے بارے میں بریفنگ دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول کو ایچی سن کالج سے بھی اعلیٰ درس گاہ بنانا ہے جب تک یہ سکول نہیں بن جاتا مجھے دلی سکون سے نیند نہیں آئے گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے مختلف ترقیاتی منصوبہ جات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع بہاولنگر کا دورہ کیا‘ میاں شہباز شریف نے 50 کروڑ کی لاگت سے زیر تعمیر دانش سکول ضلع بہاولنگر کی تعمیرات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تعمیرات میں کوالٹی اور معیار ہماری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناءمیاں شہباز شریف نے ہارون آباد کے نواحی قصبہ ڈاہرانوالہ میں گورنمنٹ بوائز اور گرلز ڈگری کالجز کی عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ایم پی اے صفدر گل کی رہائش گاہ پر عوامی شکایات پر سرکل حاصل پور تھانہ سٹی حاصل پور‘ تھانہ صدر حاصل پور او ر تھانہ قائم پور کے انسپکٹر کو معطل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف فراہم نہ کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی لڈن جمال پور میں مسلح افراد کی طرف سے دکاندار محمد الطاف کو قتل کرنے پر اس کے وارثوں کو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پنجاب کے اندر غربت ‘ افلاس اور بےروزگاری کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں‘ ہم جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا کرتے ہیں ہم نے کبھی وعدہ خلافی کی اور نہ ہی دوستوں سے بے وفائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے وہ وقت بھی یاد ہے جب میں پاکستان آیا تو مجھے اپنی سرزمین پر نہ اترنے دیا گیا اور اسی طیارہ سے مجھے واپس سعودی عرب بھجوا دیا گیا۔ ہمیں یہ سزا پرویز مشرف سے ہاتھ نہ ملانے کی دی گئی ہم نے موجودہ حکومت سے اسی ڈکٹیٹر کو ہٹانے اور ملک میں جمہوریت لانے کیلئے ہاتھ ملایا مگر بلوچ نے وعدہ پورا کرنے کے بجائے وعدوں سے انحراف کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سے احمد پور شرقیہ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احمد پور شرقیہ کی ترقی اور علاقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے سرکٹ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ میرا ڈیڑھ سال میں بہاولپور کا چھٹا دورہ ہے‘ آئندہ حند سالوں میں 35 ارب تک کے ترقیاتی منصوبے بہاولپور ڈویژن میں مکمل کئے جائیں گے۔ چولستان میں 5 کیٹل فارم بنائیں گے‘ اس کے مالک چولستانی ہوں گے۔