این اے 123کے ہر گھر میں گیس فراہم کروں گا:پرویز ملک

03 مارچ 2010
لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور این اے 123 سے نامزد امیدوار محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ 10 مارچ کے فوراً بعد اہلیان این اے 123 کو گیس کی فراہمی کا کام شروع ہو جائے گا۔ پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے این اے 123 کی ہر یونین کونسل میں نئے ٹیوب ویل لگائے جائیں گے۔ ہر آبادی کے لئے واٹر فلٹریشن کی سہولت فراہم کریں گے، عوام کی صحت و تندرستی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا۔ طلبہ و طالبات کے لئے مزید تعلیمی ادارے تعمیر کرانے کے ساتھ ساتھ نئے قبرستان کے لئے اراضی مختص کرائی جائے گی۔ وہ یونین کونسل 15 میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر، چودھری شہباز احمد، وسیم قادر اور باﺅ اختر سمیت دوسرے مقررین نے بھی خطاب کیا پرویز ملک نے کہا توہین رسالت کا قانون ختم کرنے کا بیان دینے والے گورنر پنجاب اور قاف لیگ کا آشیر باد حافظ سلمان بٹ کے کسی کام نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سلمان بٹ کے قول و فعال کا تضاد بے نقاب ہو چکا ہے۔ جو امید وار ووٹوں کے لئے اپنے نظریات کا خون کر سکتا ہے وہ کل عوام کے مفادات پر سودے بازی کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔ پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز، ارکان پنجاب اسمبلی زیب جعفر، عائشہ جاوید،فریحہ نایاب اور راحیلہ خادم حسین نے گزشتہ روز باغبانپورہ میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا خواتین پرویز ملک کو ووٹ دیں۔