ایم ڈی پیپکو کی مداخلت‘ٹرانسفارمرز کی خریداری کا ٹینڈر منسوخ

03 مارچ 2010
لاہور (کامرس رپورٹر) لیسکو کی کمشن مافیا کے ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے 400کے وی اے ٹرانسفارمرز کی خریداری کے ٹینڈر کو ایم ڈی پیپکو کی مداخلت پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو نے 18فروری 2010ءکو ڈرائی ٹائپ 380 ٹرانسفارمرز 400کے وی اے کا ٹینڈر جاری کیا جس کی مالیت عام ٹرانسفارمر سے 4گنا زائد ہے لیسکو کے پاس 400کے وی اے کی ایل ٹی سسٹم کا نظام موجود نہیں اور یہ ٹرانسفارمرز 10سال سے زائد کی ضرورت پورا کرنے سے بھی زائد ہے۔ ٹرانسفارمرز کی خریداری سے لیسکو کو ایک ارب سے زائد کا نقصان تھا کیونکہ یہ ایل ٹی سسٹم مےں زیرستعمال نہیں آسکتے۔ اس ٹینڈر کے حقائق ایکسیئن گلشن راوی و سی پی پی ٹاسک فورس نے بذریعہ مراسلہ نمبر (1537-4) 18فروری 2010ءکو ارسال کر دیئے جس کی تحقیق کے بعد ایم ڈی پیپکو نے ٹینڈر منسوخ کرنے کا حکم نامہ جاری کیا اور چیف ایگزیکٹو لیسکو نے 24فروری 2010ءکو ٹینڈر بذریعہ اشتہار منسوخ کر دیا۔ لیسکو کو اشتہارات کی مد مےں بھی لاکھوں روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑا، کمشن کے لئے غیر ضروری خریداری بھی صارف کو زائد ٹیرف کی شکل مےں برداشت کرنی پڑی ہے اس ضمن مےں معلوم ہوا ہے کہ اعلیٰ پیمانے پر انکوائری کی جا رہی ہے۔