روپوش نہیں ہوا آبائی گھر میں رہ رہا ہوں : ببو برال

03 مارچ 2010
لاہور (کلچرل رپورٹر) اداکار ببو برال نے کہا ہے کہ میں روپوش نہیں ہوا بلکہ گکھڑمنڈی میں واقع اپنے آبائی گھر میں رہ رہا ہوں۔ میرے دو گھر ہیں ایک لاہور میں ہے اور دوسرا گکھڑمنڈی میں۔ گکھڑمنڈی میں میرا آبائی گھر ہے اور یہاں پر میری دیکھ بھال اچھے طریقے سے ہو رہی ہے۔ میری دوسری بیوی ثوبیہ کے حوالے سے بعض اخبارات میں یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے 5 لاکھ روپے کا امدادی چیک لے کر روپوش ہو گیا ہوں۔ یہ خبر بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔ اول تو میں روپوش نہیں ہوا اور دوسرا مجھے ابھی تک امدادی چیک موصول نہیں ہوا ۔ حیرت ہے کہ پیسے تو ابھی ملے نہیں لیکن لوٹنے والوں نے پہلے ہی شور مچا دیا ہے۔ میری بیوی ثوبیہ کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ جب چیک ملے گا تو انہیں بھی پیسے مل جائیں گے۔