صوبائی حکومتیں کورونا وائرس سے بچائو کے ضابطہ کار پر عملدرآمد کیلئے سرگرم کردار ادا کریں:وزیراعظم
کورونا وائرس کی خلاف نبرد آزما ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ضرویات پوری کرنے سے متعلق اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کے ضابطہ کار پر عملدرآمد کیلئے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے سرگرم کردار ادا کریں۔عمران خان نے اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا پوری قوم کو ان پر فخر ہے جو لوگوں کو وباء سے بچائو کی کوششوں میں صف اول کا کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔اجلاس میں کورونا وائرس کے خلاف نبردآزما ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے حفاظتی لباس اور آلات کی فراہمی سمیت ان کی تمام ضروریات پوری کرنے کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔