نواز شریف کی رپورٹس پر انکوائری کی ضرورت نہیں‘ اب باہر سے آنی ہیں: یاسمین راشد
لاہور(نیور زپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی رپورٹس پر انکوائری کے معاملے پر 2حکومتی وزرا آمنے سامنے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ فواد چودھری صاحب، آپ کو ہمارے علاج پر اعتماد ہونا چاہیے۔ نواز شریف کی رپورٹس پر کسی انکوائری کی ضرورت نہیں ہے۔ یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کی تمام رپورٹس سرکاری لیب سے جاری ہوئی ہیں اور ان رپورٹس کو میں خود روزانہ چیک کرتی تھی۔ سرکاری لیبز کی رپورٹس سے نواز شریف کے مرض کی تشخیص ہوئی۔ نواز شریف اب بیرون ملک ہیں، رپورٹس وہاں سے آتی ہیں۔ دریں اثناء ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کرونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 27ہزار 850 ہو چکی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 1610 مریضوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ صوبہ بھر میں کرونا وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے 540 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 43اموات ہو چکی ہیں۔ اب تک کرونا وائرس کا شکار 7116 مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6371 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ اب تک پنجاب میںکرونا وائرس کے مجموعی طور پر 2لاکھ 45ہزار 544 تشخیصی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ کرونا وائرس سے متاثرہ سب سے زیادہ مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے جن کی تعداد 12ہزار 878 ہے۔ راولپنڈی میں 2ہزار225، گوجرانوالہ میں 1435، ملتان میں 1220اور فیصل آباد میں 1662 کنفرم مریض موجود ہیں۔ صوبہ پنجاب نے ملک بھر میں سب سے زیادہ کرونا وائرس کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کی ہے جس میں90ہزار 871 افراد شامل ہیں۔ کنٹیکٹ ٹریسنگ کے نتیجہ میں کرونا وائرس کے مزید4ہزار 887مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق کرونا وائرس کے مریضوں کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کا عمل جاری ہے۔ کنٹیکٹ ٹریسنگ کے ذریعے کرونا وائرس کے مزید مریضوں کی تعداد میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے وسائل بارے غلط اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق لاہور میںکرونا وائرس کے 119، راولپنڈی میں 113، فیصل آباد میں 16 اور مظفر گڑھ میں 3مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ صوبہ بھر میں کرونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی مجموعی تعداد 251 ہے۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو روزانہ چھ گھنٹے ڈیوٹی کر کے ایک ہفتے بعد 15دن کے لئے چھٹی دی جاتی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریض کا فوری طور پر علاج شروع کر دیا جاتا ہے اور عوام سے اپیل ہے کہ کرونا وائرس کی علامات ہونے یا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گھر رہنے کی بجائے فوری طور پر ہسپتال جائیں یا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔