پاکستان میں سگریٹ نوشی کی سالانہ معاشی لاگت 143ارب روپے ہے،اظہر سلیم
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ہیومن ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے سی ای اواظہر سلیم نے ایک آن لائن میڈیا سیشن میں کہا کہ پاکستان میں سگریٹ نوشی کی سالانہ معاشی لاگت تقریباََ 143ارب روپے ہے۔ تمباکو پر قابو پانے کے اقدامات میں تمباکو کی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ سب سے موثر قدم رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2021-2020 کیلئے تمباکو کی مصنوعات پر ٹیکس کو حتمی شکل دینے کے دوران حکومت کو مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح کو ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تمباکو کی مصنوعات پر ایف ای ڈی میں 20 روپے کا ہر سلیب میں اضافہ کیا جائے۔سپارک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سجادچیمہ نے بتایا کہ حکومت پر لازم ہے کہ وہ زیادہ ٹیکس کے ذریعہ تمباکو کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرے۔