پاکستان فٹبال کی فیفارکنیت بحال مگر۔۔!!!
پاکستان فٹبال فیڈریشن ، کھلاڑیوں اور لاکھوںشائقین فٹبال کے لئے بڑی خوشخبری ، فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کردی، قومی فٹبال پر عائد پابندیاں ہٹا دی گئیں جس کا قومی فٹبال ایسوسی ایشنز، ،فٹبالرز، مداحوں نے خیر مقدم کیا ہے۔پابندی ہٹنے سے پاکستان فٹبال کے لئے انٹرنیشنل مقابلوں کے دروازے کھل گئے، فٹبال کلبز، برادری،اسپورٹس حلقوں، چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک و ممبران این سی ، فٹبال لورز کو مبارکباد۔
پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کی انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں۔دوحا میں ہونے والی 72 ویں فیفا کانگریس میں پاکستان فٹبال کے حوالے سے اس وقت اہم پیش رفت سامنے آئی جب 195ارکان نے پاکستان کی معطلی ختم کرنے کے حق میں ووٹ دیا،مخالفت میں صرف 4ووٹ آئے، فیفا کانگرس میں شرکت کرنے والے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی وفد جن میںچیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک، اراکین شاہد کھوکھر اور حارث عظمت شامل تھے ، پر فیفا حکام نے بھرپور اعتماد کیا اور پاکستان میں فٹبال کی ترقی کا تسلسل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ،اس ضمن میں نارملائزیشن کمیٹی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں انٹر نیشنل فیڈریشن آف ایسوی ایشن فٹبال(فیفا) نے پاکستان کی رکنیت بحال کر دی ہے ۔
فیفا کی جانب سے عائد معطلی ختم ہونے کے بعد اب پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کو اپنی تمام تر ترجیحات میںقومی فٹبال کے فروغ کو شامل کرنا ہوگا ۔ عرصہ دراز سے شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا جار ہا ہے اسی طرح فیڈریشن میں نقائص دور کرنے کے ساتھ فیڈریشن کو بیرونی مداخلت اور سیاست سے پاک کرنے کے لئے نارمالائزیشن کمیٹی کو توجہ دینی ہو گی ۔فٹبال کی بحالی، پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی اولین ترجیح ہونی چاہئیے تاکہ فیفا حکام کا اعتماد مزید مستحکم ہو اورپاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کی راہیں ہموار ہوں۔
پہلے سب سے اہم ہدف پاکستان کی مینز اور ویمزن ٹیموں کی ازسرنو تشکیل ہے۔پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہاکہ فٹبال ٹیم گزشتہ تین سال سے کارکردگی برائے نام رہی اور کچھ نہیں کھیلی، تین سال پہلے والی فٹنس اور کھیل کا معیار آج نہیں ہوسکتا، قومی ٹیم کوٹرائلز کے بعد ٹیم کو دوبارہ کھڑا کیا جائیگا۔
چیئرمین این سی ہارون ملک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایک سال کا مینڈیٹ مکمل ہونے سے قبل الیکشن کا عمل مکمل کرلیں گے اور فٹبال برادری کو اعتماد میں لے کر پاکستان فٹبال کا وقار بحال کریں گے۔ فیفا کا بھی یہی ماننا ہے کہ اگر فٹبال نہیں ہورہی تو باقی کسی اور چیز کی کوئی اہمیت نہیں۔ ٹرائلز ہوں گے اور ٹیم بنے گی۔ ہمارے پاس پلان تیار ہیں بس عملدر آمد کرنا ہے، پاکستان ٹیم کیلئے بہترین ٹیم تیار کرنی ہے، ایسے پلیئر ہیں جو خود کو منوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پانچ ٹورنامنٹس پر نظریں ہیں جو اس سال ہونا ہیں، پاکستان کو جگہ مل جائے۔فیفا ڈے کی تاریخ تو نکل چکی لیکن کوشش کریں گے کہ کہیں فرینڈلی کی گنجائش نکل آئے۔ ہر ٹیم کیلئے کوچنگ سٹاف تیار کرنا ہے، مقامی کوچز اور غیر ملکی کوچز کو ملا کر کوچنگ سٹاف تیار کرینگے، سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچز کے ساتھ ذہنی پختگی کیلئے بھی کوچز لگائیں گے۔ ہدف پی ایف ایف کا الیکشن کرانا ہے عمل میں دس سے گیارہ ماہ کا وقت لگے گا۔ فیفا کنیکٹ آئی ڈی کی وجہ سے الیکشن کے عمل میں مدد ملے گی۔ جہاں سے کام رکا تھا ، وہیں سے کام کو آگے بڑھایا جائیگا۔ پابندی کا سبب بننے والے افراد اگر احساس کرلیں کہ ان کی وجہ سے ملک کو کتنا نقصان ہوا ہے تو یہ بھی ان کیلئے کافی سزا ہوگی۔
ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا، فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں ایک سال کی توسیع کردی گئی۔ اشفاق گروپ نے نارملائزیشن کمیٹی کو بے دخل کرتے ہوئے فٹبال ہیڈ کوارٹرز پر قبضہ جمالیا تھا، فیفا نے سخت ایکشن لیتے ہوئے پاکستان کو معطل کردیا تھا جس کی وجہ سے ملک بھر میں فٹبال کی سرگرمیاں بھی رک گئیں،قومی ٹیمیں انٹرنیشنل مقابلوں اور آفیشلز ایجوکیشن کورسز میں داخلے سے محروم کر دیا گیا تھا تاہم اب امید ہے کہ اب بیرونی مداخلت ختم ہو گی اور سرگرمیاں بھرپور بحال ہو ں گی۔ چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے معطلی ختم ہونے پر قوم اور فٹبال برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی کی انتھک محنت اور فٹبال برادری و مداحوں کی دعائیں رنگ لے آئیں، فیفا مینڈیٹ کے مطابق پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور فٹبال کی بحالی اولین ترجیح ہو گی، دستیاب وقت میں پاکستان فٹبال کو درست سمت پر گامزن کرنے کی کوشش کرینگے۔فٹبال حلقوں نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی انتھک کاوشوں اور سابق وزیر اسد عمر کی اعانت کو سرا ہا ہے جن کی کوششوں سے نارملائزیشن کمیٹی کو پاکستان میں فیفا ہائوس کا چارج ملا اور یوں فیفا نے 30جون2022کو پاکستان فٹبال پر عائد پابندی ہٹاتے ہوئے رکنیت بحال کر دی۔