محکمہ سوشل ویلفیئر کے فلاحی ادارے ’نشیمن‘ کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ 

Jul 03, 2021

لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر سماجی بہبودسید یاور عباس بخاری نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے فلاحی ادارے ’نشیمن‘ کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادارے کے قیام کے 32 سال مکمل ہونے پرہونے پر کیک کاٹنے کی تقریب میں انہوں نے کہا کہ’ نشیمن‘ کی عمارت کو جدید بنایا  جائے گا۔ جس کے بعد اسے ری ہیبلی ٹیشن اینڈ نرسنگ ہوم میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ تقریب میں چیئرپرسن ’نشیمن‘ آمنہ آفتاب، خصوصی بچوں اور دیگر سٹاف نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے خصوصی بچوں کے ادارے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اس کی فلاحی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ یاور عباس بخاری خصوصی بچوں میں گھل مل گئے اور انہیں پیار کیا۔ بچوں نے صوبائی وزیر کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کا ادارہ ’مسکن‘ بھی جلد قائم کر ے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم کو بین الاقوامی تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔ دریں اثنا صوبائی وزیر نے ٹاؤن شپ میں ایدھی فاؤنڈیشن کے ریجنل آفس کا دورہ کر کے وہاں مستحق افراد میں راشن تقسیم کیا۔

مزیدخبریں