جدید ترین گن بوٹس کی اندرون ملک تیاری
پاک بحریہ کے لیے جدید ترین سیٹلتھ ٹیکنالوجی سے لیس گن بوٹس کراچی شپ یارڈ میں تیار ہونگی اس سلسلے میں معاہدے کی تقریب وزارت دفاعی پیداوار کے آفس میں ہوئی۔ اس موقع پر ایم ڈی کراچی شپ یارڈ نے کہا کہ ’’منصوبہ دفاعی جہازوں کی تیاری میں خود مختاری اور خود کفالت کامظہر ہے۔ ‘‘ حالات کا تقاضا ہے کہ کیل کانٹے سے لے کر دفاعی ضروریات کا تمام سامان خود تیار کیا جائے اور اس سلسلے میں قرآنی احکامات کے مطابق ’’دشمن کے مقابلے کے لئے جتنی ممکن ہو، تیاری رکھو‘‘ کا عملی مظاہرہ کیا جائے۔ دفاعی امور میں یہ بات پوری قوم کے لیے حوصلہ افزا اور افتخار کا باعث ہے کہ ایٹمی و میزائل ٹیکنالوجی‘ لڑاکا طیاروں ، ٹینک ، توپوں ، گن شپ ہیلی کاپٹروں ، آبدوزوں سمیت کسی بھی قسم کے سامان حرب کی تیاری میں ہمارے ملکی ادارے کسی سے پیچھے ہیں نہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت کرینگے تاکہ خطے میں طاقت کا توازن خراب نہ ہو۔ اس لیے پاکستان اپنے دفاع کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ اس اہم ترین سنگ میل کے عبور کرنے پر قوم اپنے قابل فخر اداروں کو سلام پیش کرتی ہے۔