این اے 205،تحریک انصاف کی الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف درخواست
کراچی(وقائع نگار ) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی این اے 205 میں ضمنی انتخابات پر اثر انداز ہونے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باضابطہ درخواست دے دی۔ درخواست سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما حلیم عادل شیخ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور صوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا ٹاک میں کہنا تھا وزیر اعظم نے گھوٹکی میں مرحوم وفاقی وزیر علی محمد مہر کیلئے فاتحہ خوانی کی اس موقع پر کوئی میڈیا ٹاک نہیں ہوئی لیکن نوٹس جاری ہوگیا۔ وزیر اعلی ٰ سندھ مراد علی شاہ نے تین دن پہلے جام سیف اللہ کے پاس گئے اور سپورٹ مانگی لیکن الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا،، نثار کھوڑو سندھ میں پریس کانفرنس کرتے رہے لیکن الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں بھیجا۔ الیکشن کمیشن کو بتانا چاہتے ہیں کہ گھوٹکی میں سرکاری مشینری استعمال کی جارہی ہے، مراد علی شاہ نے براہ راست الیکشن کمیشن پر متاثر ہونے کی کوشش کی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی بھی حکومت افراد الیکشن میں کسی بھی حد تک اثر انداز نہیں ہوسکتا ۔دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ گھوٹکی ضمنی الیکشن پر اثر ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کے خلاف کارروائی کی جائے۔