5 سال میں ریلوے کو خسارہ سے پاک کر دینگے، عوامی امنگوں پر پورا اتریں گے: شیخ رشید
اسلام آباد(خبر نگار) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کے خسارے میں 4 ارب کی تاریخی کمی کی گئی ہے۔18-2017 میں ریلوے کا خسارہ 36 ارب 32 کروڑ تھا، پانچ سال میں ریلوے کو خسارے سے پاک کردیں گے۔ منگل کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان (آج ) بدھ کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، ہم نے سرسید ایکسپریس پر ہدف تین مہینے پہلے حاصل کرلیا، حکومت عوام کی امنگوں پر پوری اترے گی۔ ہمارے پاس یومیہ 15 ہزار مسافروں کا اضافہ ہوا ہے۔ سرسید ایکسپریس نان اسٹاپ ہوگی۔ 50 کلو میٹر تک کوئی کرایہ نہیں بڑھایا۔ حیدر آباد سے کراچی تک ٹریک فاسٹ ٹریک کرنے جا رہے ہیں، اعتراف ہے حادثے سے ٹرینوں کے اوقات متاثر ہیں۔ ہم نے 24 ٹرینیں اور دومال گاڑیاں چلائیں۔ سال میں ساٹھ لاکھ مسافر بڑھائے ہیں۔ مسافروں کو ایک کروڑ تک لے جائیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب ہمارا ہدف فریٹ ٹرینیں ہیں، مسافرٹرینیں نفع نہیں دیتیں۔ وزیر اعظم کل سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔