وزیر اعظم ہارس ٹریڈنگ کر کے اپنی حکومت نہیں بچا سکتے ،رانا تنویر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ’’ ہارس ٹریڈنگ یا فارورڈ بلاک ‘‘ بنا کر سلیکٹڈ وزیر اعظم اپنی حکومت کو گرنے سے بچا نہیں سکتے، عمران خان کی حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے ۔ حکومت نے بجٹ میں اربوں روپے کے نئے ٹیکس عائد کرکے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے رانا ثنا اللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ہیں وہ پارٹی کا اثاثہ ہیں ان کی منشیات کی برآمدگی میں گرفتاری بد ترین سیاسی انتقام ہے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے حکومت نے ایک بار پھر ماضی حکومتوں کے ظالمانہ اقدامات کی یاد تازہ کر دی ہے انہوں نے یہ بات منگل کو نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت کے یہ اقدامات جمہوریت کے لئے تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں. موجودہ حکمران حکومت چلانے کے اہل ہیں اور نہ ہی جمہوری روایات سے آگاہ ہیں ،موجودہ حکومت پاکستان کی فسطائی سوچ رکھنے والی حکومت ہے جو کسی صورت بھی مہنگائی کے’’سونامی ‘‘ ٹھہر نہیں سکے گی آئے روز عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جارہا ہے اب عوام یہ بوجھ اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں وہ دن دور نہیں جب پورے ملک میں عوام چیخ و پر شروع ہو جائے گی اور سڑکوں پر نکل آئیں گے ،ملک چلانے میں ناکام حکومت نے اب گیس کی قیمتوں میں دو سو فیصد اضافے کا بم گرایا ہے . انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور کے ساتھیوں کے خلاف انتقامی احتساب کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو عوام شدید رد عمل ہو گا ۔