قطر اور جرمنی کی کوششوں سے طالبان آل افغان پیس کانفرنس بلانے پر متفق ہوگئے
دوحہ(صباح نیوز)طالبان نے افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے قطر اور جرمنی کی تجویز کردہ کثیر القومی آل افغان پیس کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے ہامی بھر لی ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے لیے جرمنی کے خصوصی نمائندے مارکس پوٹزیل کی جانب سے جاری بیان میں کثیرالقومی مذاکرات آل افغان پیس کانفرنس کے 7اور 8جولائی کو دوحہ میں انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان مذاکرات میں طالبان نے بھی شرکت کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی افغانستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو ایک جگہ جمع کرنے کی کوشش کی گئی تھی جو کابل حکومت کی جانب سے سیکڑوں شرکا کی ناقابل عمل فہرست کے باعث ناکام ہو گئی تھی۔