مہنگامی پرقابوپاکرحکومتی رٹ قائم کی جائے،علامہ اورنگزیب فاروقی
کراچی (نیوز رپورٹر)مہنگائی اور مافیازکے بے قابوجن پرفوری قابوپاکر شہرقائد میں سرکاری رٹ قائم کی جائے،ٹرانسپورٹرز مافیانے من مانی کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کے ازخودکرائے بڑھادیے،خوفناک مہنگائی کے شکارعوام کاکوئی پرسان حال نہیں، گزشتہ کئی سالوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کرائے کے سلسلے میں ٹرانسپورٹرزاپنی من مانیوں سے غریب عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،سرکاری سطح پرکوئی نوٹس نہ لینے اور کرپٹ افسران کی رشوت خوری کی وجہ سے دن بدن ٹرانسپورٹرز کے حوصلے بلندہوتے جارہے ہیں،سندھ حکومت اور محکمہ ٹرانسپورٹ فوری طور پر اس سنگین مسئلے پر قابو پاکر عوام کی داد رسی کرے۔ان خیالات کااظہارمرکزی صدراہلسنت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی،صدر کراچی علامہ رب نوازحنفی،سیکریٹری جنرل علامہ تاج محمدحنفی ودیگرنے مرکزاہلسنت پر تاجر برادری کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ عوام تو پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے پریشان حال تھے،لیکن موجودہ عوام دشمن بجٹ نے توان کا جینا بھی مشکل کردیاہے،عوام جائیں تو کہاں جائیں،دال سبزی بھی عوام کی پہنچ سے دورہوگئی ہے،بے قابوڈالر کی اونچی اڑان نے صنعتکار وتاجر برادری کی چیخیں نکال دیں،ملز اور فیکٹریاں بند ہورہی ہیں،اشیا ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں،اقتدار پر قابض ہونے سے پہلے حکمرانوں نے ملک وقوم کی فلاح و بہبود اور ملک کو ریاست مدینہ بنانے کے بلند وبانگ دعوے کیے تھے،لیکن موجودہ صورتحال سے یوں محسوس ہوتاہے کہ غریب عوام کو خودکشیوں پرمجبورکیا جارہاہے،حکمران اگرواقعی ملک وقوم سے مخلص ہیں تو فوری طورپر خوفناک مہنگائی پرقابو پاکرعوام کو ریلیف فراہم کریں، بصورت دیگر حکمرانوں کا مزیداقتدارپر قابض رہنا محال ہوجائے گا، اہلسنت والجماعت پاکستان مہنگائی کے حوالے سے عنقریب اپنا لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھے گی۔