سی این جی میں22 روپے کلو ا ضافہ واپس لیا جائے:رفیق خاصخیلی
کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے سینئر نائب صدر رفیق احمد خاصخیلی نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ عوام کو معاشی دہشت گردی کا شکار بنانے کے بجائے وزراء کی تنخواہیں کم ،مراعات ختم اور امیر طبقے پر ٹیکس لگائے ۔ سی این جی پر22روپے فی کلو اضافہ عام آدمی کے لئے اذیت ناک ہے ۔ عوام برداشت کی سکت نہیں رکھتے ۔ حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرے ،عوام مشتعل ہوکر سڑکوں پر نکل آئے تو سب کچھ بکھر جائے گا ۔ سی این جی کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا ،عوام جو پہلے ہی بدترین غربت کا شکار ہیں اب وہ دووقت کی روٹی کو بھی ترس جائیں گے، جس سے نہ صرف ان کے بچوں کی تعلیم،علاج معالجہ متاثر ہوگا بلکہ گھریلو بجٹ درہم برہم ہونے سے اذیت ناک مسائل جنم لیں گے ۔ پاسبان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سب سے پہلے روپے کی قدر کو بہتر بنائے اور ڈالر کی قیمتوں کو کنٹرول کرے تاکہ مہنگائی کے طوفان کو روکا جاسکے ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں رفیق احمد خاصخیلی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنا یہ فیصلہ واپس لے ، ہوش کے ناخن لے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کو کوئی عوام دوست اقدامات کے مشورہ دینے والا نہیں تووہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی سے رجوع کریں ۔