کے ایم سی کی کے الیکٹرک دفاتر پر کارروائیاں عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے: ترجمان
کراچی(سٹی نیوز)عدالتی احکامات اور حکم امتناع کے باوجود بلدیہ عظمی کراچی بنا کسی نوٹس کے کے الیکٹرک کے دفاتر پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ کے الیکٹرک کے نارتھ کراچی، قیوم آباد اور دیگر مقامات پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کے ایم سی کی جانب سے بلاجواز کارروائیاں کی گئیں اور کے الیکٹرک کے احاطوں اور ملازمین کی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ معزز ہائی کورٹ کی جانب سے یکم جولائی 2019 کو جاری احکامات کے مطابق 2 دن پیشگی نوٹس کے بغیر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی پر 4 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ہیں تاہم عدالت کی جانب سے کے ایم سی کو اپریل 2019 سے ماہانہ بلوں کہ ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی تھیں۔ کے الیکٹرک کی جانب سے پیشگی نوٹس کے بعد بلوں کی عدم ادائیگی پر بلدیہ عظمی کے کچھ دفاتر کی بجلی منقطع کی گئی۔