راولپنڈی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، شیخ رشید
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور این اے60 اور 62 سے قومی اسمبلی کے امیدوار شیخ رشید احمد نے پی ٹی آئی کے صوبائی امیدواروں راجہ راشد حفیظ اور اعجاز خان جازی کی معیت میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کے گزشتہ پانچ سال کے دوران نام نہاد تعمیر و ترقی کے چرچوں کا یہ عالم ہے کہ راولپنڈی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ ووٹر 25جولائی کو قلم دوات اور بلے پر مہریں لگا کر اس ظلم و زیادتی کا حساب لیں۔ کالج روڈ پر ہونے والے انتخابی جلسے میں پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم خان چھیمہ نے شیخ رشید اور راجہ راشد حفیظ اور باغ سرداراں میں ہونے والے جلسے میں مسلم لیگ ن کے چوہدری شبیر نے شیخ رشید اور اعجا زخان جازی کی حمایت کا اعلان کیا۔ شیخ رشید نے ڈھوک حسو میں شاہ خالد، حاجی چوک میں راجہ سفیر جنجوعہ اور پنڈوڑہ میں کونسلر نذیر بٹ کے زیراہتمام جلسوں سے خطاب کیا۔