موٹرسائیکل پر انتخابی مہم، شیخ رشید نے جاوید ہاشمی کی روایت کو زندہ کردیا
راولپنڈی (سلطان سکندر) ملکی اور انتخابی سیاست میں روایت شکن اور نئی روایات قائم کرنے کا امتیاز رکھنے والے عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے حالیہ الیکشن میں موٹرسائیکل پر انتخابی مہم چلا کر 2008ء میں این اے 55میں انہیں شکست دینے والے مسلم لیگ ن کے امیدوار جاوید ہاشمی کی روایت کو زندہ کردیا ہے جنہوں نے راولپنڈی شہر کی گلیوں محلوں میں مسلم لیگی رہنما ضیاء اﷲ شاہ کے ساتھ موٹرسائیکل پر انتخابی مہم چلائی تھی تاہم حالیہ انتخابی مہم میں شیخ رشید کی دیکھا دیکھی ان کے انتخابی حریف حنیف عباسی بھی اگلے روز موٹرسائیکل پر انتخابی دورہ کرچکے ہیں، شیخ رشید احمد نے نوجوانوں میں مقبول عوامی سواری موٹرسائیکل پر سفر کے دوران یہ جملہ کہا ’’جی چاہتا ہے کہ میں موٹرسائیکل کو قلم دوات کی جگہ انتخابی نشان بنالوں‘‘، تاہم انہوں نے انتخابی نشان تو تبدیل نہ کیا اور موٹرسائیکل کے بعد بارات میں دولہا کی سواری کیلئے استعمال ہونے والی بگھی پر انتخابی مہم چلا کر ’’کنوارے‘‘ امیدوار نے نئی جدت کا مظاہرہ کردیا ہے۔