اوپن یونیورسٹی کیمپس کے مین پارک میںکرسمس درخت لگا دیا گیا
اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مسیحی کارکنوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے کیمپس کے مین پارک کے بالکل درمیان میں ایروکیریا کا 10فٹ لمبا )کرسمس درخت(لگادیاہے۔اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیسائی براداری کو ہر سال مذہبی تہوار شان و شوکت سے منانے کا بھر پور موقع فراہم کیا جائے گا ٗ ہر سال کرسمس کے دنوں میں پارک میں لگے اِس درخت کو سجایا جائے گا اور کرسمس تقریب مستقل بنیادوں پر اِسی پارک میں منعقدکی جائے گی۔کرسمس درخت لگانے کا اعلان وائس چانسلر نے گذشتہ سال منعقدہ کرسمس تقریب سے خطاب میں کیا تھا۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کا یونیورسٹی کی ترقی میں اہم کردار ہے اس لئے اُن کے حقوق کا خیال رکھنا یونیورسٹی پر لازم ہے۔انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی مسیحی کارکنوں کے بچوں کو یونیوسٹی کے کسی بھی تعلیمی پروگرام میں داخلہ لینے پر سکالرشپس فراہم کرتی ہے۔ مسیحی کارکنوں کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے لئے یونیورسٹی نے پانچویں جماعت کے معیار کا کورس تیار کیا اور تعلیم بالغاں سینٹر میں اِس تربیتی کورس کو پڑھایا گیا ٗ نوٹ بک ٗ کتابیں ٗ کاپیاں اور دیگر ضروری چیزیں یونیورسٹی نے مفت فراہم کی تھی۔