ڈبلیو ایچ او کی طرف سے صحت کے شعبہ میں تکنیکی معاونت خوش آئند ہے،یوسف شیخ
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز اینڈ کو آرڈینیشن محمد یوسف شیخ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے پاکستان کے شعبہ صحت کو تکنیکی معاونت کی فراہمی کو سراہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر محمد آسائی آردکانی کے ساتھ ملاقات کے دوران نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے صحت کے شعبہ میں تکنیکی معاونت خوش آئند ہے۔ انہوں نے شہریوں کی صحت میں مزید بہتری اور سہولیات کو جدید بنانے کے لئے ڈبلیو ایچ او اور وزارت صحت کے مابین تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ نے وفاقی وزیر کو مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی مدد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ طور پر جاری منصوبوں سے متعلق بھی بتایا۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروس اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بھی موجود تھے۔