اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)انجمن طلباء اسلام صوبہ پنجاب کے جنرل سیکریڑی محمد اکرم رضوی نے کہا ہے کہ قومی افق پر مایوسیوں کے سائے بڑھتے جا رہے ہیں۔محبت رسولﷺ کا جذبہ ناقابل تسخیر طاقت ہے۔ مغربی قوتیں مسلمانوں کے جذبہ عشق رسول کو سرد کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ تاجدار ختم نبوت کیﷺ محبت کو ساری محبتوں پر غالب کرنے کی ضرورت ہے۔ رنگ برنگے جھنڈوں کے ہجوم میں نبی ﷺکا جھنڈا بلند رکھیں گے۔ ہماری عقیدتوں کا مرکز و محور گنبد خضری کا مکیں ہے۔مسلمانوں کے جسموں سے روح محمد ﷺنکالنے کی کوششیں ہو رہی ہیں لیکن امت میں عشق رسولﷺ کا جذبہ کبھی ماند نہیں پڑ سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹوڈنٹ سیکریڑیٹ میں وقاص جعفر،چوہدری ابرار بابر اورحافظ عبدالجبار کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اکرم رضوی نے کہا قوم کی اخلاقی تربیت کی ضرورت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ اخلاقی روایات کا زوال انتہائی تشویشناک ہے۔ لسانی، علاقائی، صوبائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو ہوا دینا ملک دشمنی ہے۔ پاکستان کی سالمیت ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ پاک وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان جیسے عطیہ خداوندی کی قدر کرنا ہو گی۔ ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کے لئے ہے۔ اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔