70سال گزرنے کے باوجود بیرون ملک آباد پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیاگیا
اسلام آباد(جنرل رپورٹر) 70سال گزرنے کے باوجود ابھی تک بیرونی ملک آباد پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیاگیاجبکہ بیرونی ملک پاکستانی اپنے ملک کے زرمبادلہ میں ریڑھ کی ہڈی کی طر ح کردار ادا کررہی ہے ،ان خیالا ت کا اظہار سوموار کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انر وائس ویلفیئر ٹرسٹ کی صدر اور انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کی سفیر راحیلہ خان نے کیا اور کہا کہ حکمران چندہ لینے کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کے پاس چلے جاتے ہیں لیکن 70سال ہونے کے باوجو د ابھی تک ان کو ووٹ کا حق تک نہ دے سکے۔ راحیلہ خا ن نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق رائے سے متعلق کیس فائل کیاتھا اور افتخارمحمد چوہدری نے بیرون ملک پاکستانیوں کو رائے دینے سے متعلق فیصلہ حق میں دیاتھا لیکن تا حال کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تجاویز بھی پیش کی تھی، اور اپنی مدد آ پ کے تحت امریکی سافٹ ویئر دے رہے ہیں جس پر تقریباً4لاکھ ڈالر تک خرچہ ہے، بیرون ملک پاکستانی سافٹ وئیر کے ذریعے اپنے رائے کا حق کا دے سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل یہ ممکن ہے اگر الیکشن کمیشن کی جانب سے اجازت مل جائے اور پاکستان تحریک انصاف بیرون ملک پاکستانیوں کی حق رائے سے متعلق واضح موقف رکھتی ہے۔