پیپلز پارٹی کا نگراں وزیر اطلاعات سندھ کی برطرفی کیلئے الیکشن کمشن کو خط
کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی نے وزیر اطلاعات سندھ جمیل یوسف سے فوری طور پر استعفیٰ کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔ پیپلز پارٹی سینٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے خط میں نگران وزیر اطلاعات سندھ کی یکم جولائی کو نیوز ون چینل پر بات چیت کی طرف توجہ مبذول کروائی ہے جس میں انہوں نے کراچی کے حلقہ NA-246 میں پیپلز پارٹی کی ریلی پر پتھرائو کرنے والے شرپسندوں کی حمایت کی تھی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیر اطلاعات سندھ اپنے بیان سے انتخابی عمل میں ایک فریق کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔