پاکستان انجینئرنگ کونسل کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئر کا لائسنس جاری کرنے کا اختیار دے دیا گیا
اسلام آباد(پ ر) انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرنگ ایگریمنٹ نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کو انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئر کا لائسنس جاری کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئرز الائنس نے یہ اختیار پی ای سی کو اپنے لندن میں منعقدہ اجلاس میں دیا ۔ اس فیصلے سے پاکستانی پروفیشنل انجینئرز کو دنیا بھر میں کام کرنے کے نئے مواقع ملیں گے۔ انجینئرجاوید سلیم قریشی، چیئرین پی ای سی،انجینئرزاہدعارف،وائس چیئرمین پی ای سی خیبر پختونخوا اور انجینئر خادم حسین بھٹی، رجسٹرار پی ای سی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی اس تاریخی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور ملک بھر کے انجینئرز کو مبارکبا دی ہے۔انجینئر جاوید قریشی نے کہا کہ انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئر کا ٹائٹل ملنے سے پاکستانی انجینئرز کے لئے دنیا بھر میں نوکریوں کے نئے مواقع کھلیں گے۔ مزید برآمد بیرون ملک کام کرنے والی پاکستانی کمپنیاں بھی پاکستانی پروفیشنل انجینئرز سے بہتر انداز میں استفادہ حاصل کر سکیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اور دیگر کنسٹرکشن پروجیکٹس پر کام کرنے والی کمپنیوں کے لئے کم از کم 70فیصد پاکستانی انجینئرز کو ہائر کرنا لازمی قرار دیا ہے۔انجینئر خادم حسین بھٹی نے کہا کہ پی ای سی انجینئرنگ کمیونٹی کی فلاح کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور انٹرنیشنل پروفیشنل انجینئر کے ٹائٹل کے حوالے سے معلومات پی ای سی کی ویب سائٹ پر مہیا کر دی گئی ہیں۔