سماجی و اقتصادی ترقی انسانی وسائل میں بہتر ی کے بغیر ممکن نہیں ہے: صدر ممنون
اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سماجی و اقتصادی ترقی انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں، اس مقصد کیلئے ملک میں مزید اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کئے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں یونیورسٹی آف بلتستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے انکو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلتستان قائم ہونے سے شمالی علاقہ جات میں تعلیمی سہولتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ وہ اس نئی یونیورسٹی کو ملک کا بہترین تعلیمی ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے سینٹ، سنڈیکیٹ، اکیڈمک کونسل اور سلیکشن بورڈ کے جلد قیام کی ہدایت تاکہ یونیورسٹی کے امور بلا تعطل انجام پا سکیں۔