نوازشریف جمہوریت ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں‘ ملکی اداروں کیخلاف زبان بند کریں: شاہ محمود
ملتان(نامہ نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نواز شریف کی تینوں شرائط مسترد کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ن لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن ملتان نعیم انصاری کی پی ٹی آئی میں شمولیت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا نواز شریف ایسی شرائط سے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہانواز شریف شفاف الیکشن کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں انہوں نے نواز شریف سے گزارش کی کہ خدارا ملکی اداروں کیخلاف زبان بازی بند کریں ۔ باب القریش سیکرٹریٹ ملتان میں حلقہ این اے158 کے نمائندہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندوں اور پی ٹی آئی ورکروں سے درخواست کی کہ وہ این اے 158 میں ابراہیم خان کی مکمل سپورٹ کریں ان کی کامیابی کیلئے دن رات ایک کریں ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پی ٹی آئی کا وہ کارکن جو بلے کی سپورٹ نہیں کرے گا میں یہ سمجھوں گا کہ وہ نئے پاکستان کا حامی نہیں ہے عمران خان سے پیار نہیں کرتا اور وہ عمران خان کے مخالفین کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل 47 میں مسیح برادری سے ملاقات کی اور انہیں تحریک انصاف کے منشور کے متعلق بتایا اس موقع پر یونین کونسل 47 کی مسیح برادری نے مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ یوسی 21میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کارنر میٹنگ سے خطاب کیا اس موقع پر پی پی 216 کے ٹکٹ ہولڈر ندیم قریشی ان کے ہمراہ تھے۔ یوسی 43 میں سجاد آرائیں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی، ملک جعفر کمبوہ نے یوسی 47 سے اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ جبکہ یوسی 21 کے وارڈ نمبر 3، 4 اور 6 میں شاہ محمود قریشی نے شہریوں اور کارکنان نے خطاب کیا۔ یوسی 25 میں منا ڈوگڑ نے بھی کپتان کا کھلاڑی بننے کا اعلان کردیا اور مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔