پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا حکومتی جواز ا ور ٹیکس کہانی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران حکومت نے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے لئے بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ کو جواز بنایا ہے تاہم تیل کی مصنوعات پر ٹیکس کی شرحیں کچھ اور کہانی سنا رہی ہیں۔ پٹرول پر جی ایس ٹی کی شرح 12 فیصد تھی جس کو جولائی میں بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا۔ ڈیزل پر ٹیکس میں غیرمعمولی اضافہ کیا گیا۔ جون میں ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح 24 فیصد تھی جس کو بڑھا کر 31 فیصد کر دیا گیا۔ مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی کی شرح جون میں 12 فیصد اور لائیٹ ڈیزل آئل پر 9 فیصد تھی۔ دونوں کو بڑھا کر 17 فیصد کیا گیا۔ ڈیزل پر ٹیکس میں اضافہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیزل کے ریٹ کم کرنے کی ضرورت تھی تاہم محض ریونیو اکٹھا کرنے کے لئے جی ایس ٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔