دبئی میں بغیر ا جازت ویڈیو یا تصویر بنانا جرم ،خلاف وزری پر پانچ لاکھ درہم جرمانہ
دبئی(این این آئی)دبئی میں بغیر اجازت ویڈیو یا تصویر بنانا جرم قرار دے دیا گیا ہے جس کی سزا 5 لاکھ درہم جرمانہ اور ایک سال قید ہوگی۔ دبئی پولیس نے اس جرم میں ایک شخص کو گرفتار بھی کرلیاہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس نے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹیز (آر ٹی اے) کسٹمر کیئر سینٹر پر روتے ہوئے شخص کی وڈیو بنانے پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم نے وڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی جاری کردی تھی ۔آر ٹی اے نے اپنی ٹوئیٹس میں لکھا کہ وڈیو میں نظر آنے والا روتا ہوا شخص کارز ٹیکسی کا ملازم نہیں، آر ٹی اے کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ڈرائیور پر جرمانہ کیوں کیا گیا۔سائبر کرائم کے 2012 کے فیڈرل ڈکری لاء نمبر 5 کے مطابق جو بھی شخص کسی اور کی پرائیویسی میں دخل اندازی کرے گا اسے ایک لاکھ پچاس ہزار سے 5 لاکھ درہم تک کے بڑے جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ایک سال قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔