این اے 131: ہائیکورٹ نے عمران کے کاغذات کی منظوری کیخلاف درخواست مسترد کر د ی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے این اے 131لاہور سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ دو رکنی بنچ نے سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی پر عمران خان کے دستخط مطابقت نہیں رکھتے، عمران خان نے اپنے خاندان کی درست تفصیلات فراہم نہیں کیں اور اثاثے چھپائے، عدالت جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرے۔ عدالت نے متاثرہ فریق نہ ہونے کی بناء پر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔ ہائیکورٹ نے شاہد خاقان عباسی کو تاحیات نااہل قرار دینے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت آج تین جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ ہائی کورٹ نے این اے 115 جھنگ سے امیدوار شیخ وقاص اکرم کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت درخواست گزار کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سماعت آج تک ملتوی کردی۔