آزاد امیدوار پی پی 232 ملک محمد علی نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنیکا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 232وہاڑی چار سے آزاد امیدوار ملک محمد علی لنگڑیال نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے جبکہ ایک الگ درخواست کے ذریعے مقدمہ آج سننے کی استدعا کی گئی ہے۔محمد علی لنگڑیال پی پی 232وہاڑی سے امیدوار ہے لیکن امریکی شہریت رکھنے کے الزام میں ریٹرننگ افسر نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے اور اپیلیٹ ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو بحال رکھا۔فیصلہ کے خلاف لنگڑیال کی رٹ پٹیشن بھی لاہور ہائی کورٹ سے مسترد ہوچکی ہے۔ملک محمد علی لنگڑیال نے ھائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف گزشتہ روز سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کاغذت نامزدگی جمع کرنے سے پہلے وہ دہری شہریت چھوڑ چکا ہے۔درخواست کے ساتھ امریکی شہریت واپس کر نے کے لئے جمع کی گئی فیس کی رسید بھی منسلک کی گئی ہے۔لنگڑیال نے ایک متفرق درخواست کے ذریعے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست آج منگل کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔واضح رہے کہ ملک محمد علی لنگڑیال ضلع وہاڑی پی ٹی آئی کے لیبر ونگ کے صدر رہ چکا ہے لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد امیدوار کے طور پر کاغزات نامزدگی جمع کرائے۔