کراچی کی ترقی میں آباد کا کردار لائق تحسین ہے‘سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب
کراچی( اسٹاف رپورٹر)سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب نے پیر کو آباد ہائوس میںمنعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی خوبصورتی اور ترقی میں آباد کا کردار قابل تحسین ہے،تعمیراتی شعبہ معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،تعمیراتی سرگرمیوں سے 72 ذیلی صنعتوں کا پہیہ بھی چلتا ہے جس سے لاکھوں افراد کو روزگار ملتا ہے۔آباد ملکی معیشت کی ترقی میں قابل تحسین کردار ادا کررہی ہے۔آباد ممبران کی شکایات دور کرنا اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر ڈی آئی جی سی آئی اے سندھ امین یوسف زئی نے کہا کہ معاشرہ کمزور ہوگا تواغوا برائے تعاون کا جرم بڑھتا جائے گا، اغوا کار کو یقین ہو کہ تاوان ملے گا تو وہ اغوا کرتا ہے۔لطیف سورٹھیا کے اغوا کا کیس مشکل ترین کیس تھا،پولیس افسران نے اپنی جانوں پر کھیل کر مغوی کو بغیر تاوان بازیاب اور اغوا کاروں کو گرفتار کیا ۔لطیف سورٹھیا کو بازیاب کرنے والی ٹیم کو5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ پولیس کے 3 افسران کو پاکستان پولیس میڈل کے لیے سندھ حکومت کے توسط سے صدر مملکت کو سمری ارسال کردی ہے۔ اس موقع پر عارف جیوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پی ایل سی اور پولیس نے مغوی بلڈرکو بازیاب کرکے تعمیراتی شعبے میں اعتماد کو بحال کیا ہے۔آخر میں آباد سدرن ریجن کے چیئرمین الطاف تائی نے معزز مہمانوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پولیس کا آباد کے ساتھ تعاون ہمیشہ برقرار رہے گا۔