سندھ اور بلوچستان میں گیس چوروں کے خلاف گھیرا تنگ
کراچی( اسٹاف رپورٹر)ایس ایس جی سی نے اپنے سندھ اور بلوچستان کے فرنچائز علاقوںمیں گیس چوروں کے خلاف گیسچوری آپریشن کے تحت گھیرا تنگ کردیا ہے ۔سوئی سدرن نے کراچی حیدرآباد اورکوئٹہ میں گزشتہ 3 دنوں کے دوران 35 جگہوںپر چھاپہ مار کر 30سے زائد غیر قانو نی گھریلو کنیکشنز منقطع کردئے جبکہ میٹر سے ربڑ پائپ استعمال کرتے ہوئے ایک ہوٹل مالک کو گیس چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ۔ اور چوری شدہ گیس کا کلیم بھی عائد کردیا گیا ہے۔ کراچی کے جن علاقوں میں کاروائی کی گئی ان میں سعیدآباد بلدیہ ٹائون، صدر، لائینز ایریا، اور فیڈرل بی ایریا جب کہ کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ بھی شامل ہیں ۔دوسری جانب حیدرٓباد میں ایک دوا سازکمپنی فرید احمد میڈیکوزپر چھاپہ مارا گیا جہاں مالکان میٹر ٹیمپرنگ کر کہ چوری کی گیس سے بجلی پیدا کر رہے تھے۔ فریداحمد میڈیکوزکمپنی 230 کیوبک فٹ فی گھنٹہ کے حساب سے گیس چوری کر رہے تھے، جس کے حساب سے کلیم داخل کردیا گیا اور لائن بھی منقطع کردی گئی۔ سوئی سدرن نے سندھ اور بلوچستان میں اپنے فرنچائز علاقوں میں مسلسل بنیاد پر چھاپے مار کر گیس چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف جنگ شروع کردی ہے ۔ ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ گیس کی چوری سے ایس ایس جی سی کو بنیادی مالی ذرائع میں لاکھوں روپوں کے نقصان کا سامنا ہے جو کمپنی کے لئے ناقابل برداشت ہے ۔ کمپنی کے فرنچائز علاقوں میں مجرموں کے خلاف کاروائیاںتیز کردی گئی ہیں ۔ گیس چوروں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔