پیپلز پارٹی نے وزیر اطلاعات سندھ سے استعفیٰ کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیر اطلاعات سندھ جمیل یوسف سے فوری طور پر استعفیٰ کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔ پیپلزپارٹی سنٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے خط میں نگران وزیر اطلاعات سندھ کی یکم جولائی کو نجی چینل پر بات چیت کی طرف توجہ مبذول کروائی ہے جس میں انہوں نے کراچی کے حلقہ NA-246 میں پیپلزپارٹی کی ریلی پر پتھرائو کرنے والے شر پسندوں کی حمایت کی تھی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیر اطلاعات سندھ اپنے بیان سے انتخابی عمل میں ایک فریق کی حیثیت اختیار کر گئے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراطلاعات نے سندھ میں امن و امان قائم رکھنے میں صوبائی نگران حکومت کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نگران وزیر اطلاعات سندھ نے کھلے عام تشدد کی حمایت کی ہے۔ خط میں نگران وزیر اطلاعات کے بیان کے متنازعہ حصوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔